امریکی ڈالر نے روپے کو چاروں شانے چت کر دیا

573

کراچی: امریکی ڈالر اور پاکستانی روپے  میں گزشتہ ہفتے کے دوران ایک دوسرے سے بازی لے جانے کی جنگ جاری رہی  تاہم  امریکی کرنسی نے روپے کو چاروں شانے چت کر دیا۔

 

تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران ڈالر اور روپے نے ایک دوسرے کو  نیچے گرانے کے لئے سرتوڑ کوششیں کیں، بالآخر  کاروبای ہفتے کے اختتام پر روپیہ امریکی ڈالر سے ہار گیا اور انٹر بینک میں ڈالر چار روپے 65 پیسے مہنگا ہو گیا۔

ڈالر کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کے باعث  انٹربینک  اور اوپن مارکیٹ میں روپیہ مزید کمزور ہو گیا، روپے کیلئے ہفتے کا آغاز ہی کچھ اچھا نہیں رہا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو امریکی ڈالر نے روپے کو اٹھنے کا موقع ہی نہیں دیا،انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر 2 روپے 38 پیسے مہنگا  ہو کر 200 روپے 30 پیسے میں ٹریڈ ہوا،اوپن مارکیٹ میں ڈالر نے روپے کو بڑا دھکا دیا اور ریٹ 201 روپے ہو گیا۔
منگل بھی پاکستانی روپے کےلئے اچھا دن ثابت نہ ہوا، ڈالر نے روپے کو مزید کمزور کیا، ایک ڈالر 2 روپے 77 پیسے بڑھ کر 202 روپے 63 پیسے کا ہو گیا جبکہاوپن مارکیٹ میں ساڑھے تین روپے کمی کے بعد روپے کی قدر 204 روپے 50 پیسے ہو گئی۔
بدھ اور جمعرات روپے کے لئے نیک شگون ثابت ہوئے اور اس دوران امریکی ڈالر مجموعی طور پر ساڑھے تین روپے سستا ہو گیا تاہم جمعہ کو ڈالر نے روپے پر اپنا شکنجہ دوبارہ مضبوط کیا، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر پونے دو روپے مہنگا ہو کر 202 روپے  20 پیسے کا ہو گیا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 203 روپے سے تجاوز کر گیا۔

تبصرے بند ہیں.