بھارتی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی جائے: وزیراعظم

20

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات پر قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی جائے۔ 
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں اس معاملے پر بات ہونی چاہئے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ایوان اس واقعے کے خلاف قرارداد منظور کرے تاکہ پوری دنیا کو یہ بتایا جا سکے کہ آقا کریمﷺ کی حرمت کیلئے ہم ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ 
وزیراعظم نے سپیکرقومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے قومی اسمبلی کے اجلاس میں ناموس رسالت ﷺ کے معاملے پربات کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی رہنماؤں کی ہرزہ سرائی نے دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے دل کا خون کیا ہے جس پرتمام مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔
واضح رہے کہ بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے گستاخانہ بیانات کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کی جانب سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے جبکہ عرب ممالک میں بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم بھی چلائی جا رہی ہے جبکہ پاکستان میں بھی شدید احتجاج ریکارڈ کروایا جا رہا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.