آئی جی پنجاب کا شہری کے اغواءمیں ملوث اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم

17

لاہور: انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب نے دبئی پلٹ شہری کے اغواءبرائے تاوان میں ملوث اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب پولیس نے ہدایت دی ہے کہ محکمے میں کالی بھیڑوں کی کوئی جگہ نہیں ہے جبکہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں گی۔
ترجمان نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر شہری کو اغوا کرنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انچارج سی آئی اے کاہنہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور واقعے میں ملوث 2 اہلکار گرفتار بھی ہو چکے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ بشارت علی اے ایس آئی اور کانسٹیبل امین گرفتار جبکہ کانسٹیبل اختر علی، رزاق، ڈرائیور صفدر اور پرائیویٹ شخص مقصود کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ مذکورہ اہلکاروں نے پرائیویٹ شخص کے ساتھ مل کر دبئی پلٹ شہری کو اغوا کیا اور 2 لاکھ روپے لے کر چھوڑا۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کا کہنا ہے کہ پنجاب پولیس میں محکمانہ احتساب کا عمل مزید سخت کیا جا رہا ہے اور کرپٹ عناصر کو پولیس فورس سے نکال باہر کرنا میری اولین ترجیح ہے۔ 
انہوں نے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن کو متاثرہ شہری سے ملاقات کرنے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کو کڑی سزا دلوانے کی یقین دہانی کرانے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.