ملتان: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کرلی۔
ملتان میں کھیلے گئے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے انٹرنیشنل پر مشتمل سیریز کے پہلےمیچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ پچاس اوورز میں 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 305 رنز بنائے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے شائی ہوپ127، شمارح بروکس 70 اور روومن پاول 32 رنز اسکور کرکے نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے حارث رؤف نے چار، شاہین آفریدی نے دو اور شاداب خان نے ایک وکٹ لی ۔
WHAT A WIN 👏
Multan witnesses Pakistan's highest successful run chase against West Indies in ODIs 🙌✨#PAKvWI | #KhelAbhiBaqiHai pic.twitter.com/MOhFbgk1RF
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 8, 2022
306 رنز کے ہدف کے تعاقب میؐں قومی ٹیم کے کپتان اور دیگر بلے بازوں نے انتہائی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور ٹارگٹ میچ کے آخری اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر عبور کر لیا۔
کپتان بابر اعظم نے ایک بار پھر کیپٹن اننگز کھیلتے ہوئے شاندار سنچری بنائی جبکہ امام الحق نے 65 اور وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان 59 رنز بنا سکے۔پاکستان کی جیت میں خوشدل شاہ نے بھی نمایاں کارکردگی دکھائی ، انہوں نے چار چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 41 رنز ناٹ آؤٹ کی میچ وننگ اننگز کھیلی اور یہی وجہ ہے کہ میچ کے اختتام پر بابر اعظم نے خود کو ملنے والا میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ خوشدل شاہ کو دینے کا اعلان کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف دو، اکیل حسین اور جیڈن سیئلز نے ایک ایک وکٹ لی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کے بقیہ دونوں میچز بھی ملتان میں ہی کھیلے جائیں گے، دوسرا ون ڈے 10 اور آخری میچ 12 جون کو کھیلا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.