حقیقی آزادی مارچ، پنجاب میں رینجرز طلب، تمام شہروں میں ناکہ بندی کا فیصلہ

128

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حقیقی آزادی مارچ کو روکنے کیلئے پنجاب میں رینجرز طلب کر لی گئی ہیں اور صوبے کے تمام شہروں میں ناکہ بندی کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ 
ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ اسلام آباد جانیوالے والے تمام راستے بند کردیئے گئے ہیں جبکہ تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند کردی ہے۔ اس کے علاوہ پنجاب کے تمام شہروں میں ناکہ بندی کا فیصلہ کیا گیا جس کے باعث ایک سے دوسرے ضلع میں نقل و حرکت کیلئے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے اسلام آباد جانے والی موٹروے پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے البتہ اسلام آباد سے لاہور آنے والی موٹروے کو بند نہیں کیا جائے گا۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ کو روکنے کیلئے لاہور کے داخلی و خارجی راستے پہلے ہی بند کر دئیے ہیں اور اس مقصد کیلئے سینکڑوں بسیں اور کنٹینرز پکڑے گئے۔ 
پولیس نے راوی پل سمیت جی ٹی روڈ پر دونوں اطراف کی ٹریفک روک دی ہے، راوی پل کا راستہ کنٹینرز لگا کر بند کیا گیا ہے جبکہ پرانا راوی پل پہلے ہی بڑی ٹریفک کیلئے بند ہے۔ 
شاہدرہ چوک بند کرنے کے باعث میٹرو بس سروس کو ایم اے او کالج تک محدود کر دیا گیا ہے جبکہ راوی پل کنٹینرز لگا کر بند کرنے کی وجہ سے عوام اپنی موٹر سائیکلوں سمیت راوی پار کرنے کیلئے کشتیوں کے استعمال پر مجبور ہیں۔ 
شہریوں نے متبادل راستے کے طورپر میٹرو بس سروس ٹریک کو بھی استعمال کر رہے ہیں جبکہ سگیاں پل کو بھی ٹریکٹر ٹرالیاں لگا کر بند کر دیا گیا ہے اور کسی بھی ناخوشگوار حالات سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری بھی علاقے میں موجود ہے۔ 
یاد رہے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لانگ مارچ اسلام آباد جانیوالے والے تمام راستے بند کرنے اور پنجاب کے تمام اضلاع سے اسلام آباد جانیوالی ٹرانسپورٹ بھی بند کرنے کا حکم دیا تھا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ کسی کوقانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فہرست میں شامل افراد کو 16ایم پی اوکے تحت کیاجائے، عوام کے تحفظ کیلئے بھر پور اقدامات اٹھائیں اور امن قائم رکھنے کےلئے مزید اقدامات بھی کریں۔ 
پنجاب حکومت کی ہدایات کے بعد محکمہ داخلہ پنجاب میں سپیشل کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے ضلعی پولیس افسران کوالرٹ رہنے کاحکم دیا گیا ہے جبکہ سپیشل مانیٹرنگ سیل کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ سیدعلی مرتضیٰ کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.