جدہ: سعودی عرب کے جدہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ کئی روز سے غیر معمولی رش کے باعث پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تمام فلائٹس کو حج ٹرمینل پر منتقل کردیا گیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے کی جدہ انتظامیہ کے جدہ ایئرپورٹ حکام سے مذاکرات کے بعد پی آئی اے کی پروازوں کو شمالی ٹرمینل کے بجائے حج ٹرمینل منتقل کر دیا گیا ہے جس کے باعث مسافروں کے رش کو باآسانی کنٹرول کر کے انہیں بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے جدہ ائیرپورٹ پر مسافروں کا غیر معمولی رش ہے جس کے باعث اتوار کو تمام ایئرلائنز کی پروازیں 4 سے 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی تھیں جبکہ ائیرپورٹ دروازے بند ہونے کے باعث سینکڑوں مسافر انتظار گاہ میں رات گزارنے پر مجبور رہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی ائیر لائن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ذاتی طور پر آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور وزیر ہوا بازی نے انہیں مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد وطن واپس کیلئے آج رات کی فلائٹ کے منتظر تمام مسافروں کو حج ٹرمینل پر پہننے کا کہہ دیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.