لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے حکومت میں جھوٹ بولنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا، مہنگائی نے لوگوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے، معلوم نہیں ہماری سیاست کہاں جائے گی مگر ہم نے اللہ کو راضی کرنے کیلئے صدق دل سے دن رات محنت کرنی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جاتی امرا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نااہل حکومت نے لاہور شہر کو کچرا کنڈی بنادیا ہے، ہم نے چار سال بدترین گند اس شہر لاہور میں دیکھا، جب شہباز شریف صاحب نے یہ حکومت چھوڑی تو صبح سویرے سڑکوں پر مشینیں ہوتی تھیں اور صفائیاں ہوتی تھیں مگر آج شہر میں ہر طرف گند ہے، ہم اسی نظام کو واپس لائیں گے اور اسے صاف ستھرا شہر بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے کام کرنے ہیں کہ اللہ کی مخلوق کی بھلائی ہو، شہر لاہور میں غریب آدمی کیلئے کمیٹیاں بناؤں گا اور یہ اس لئے نہیں تاکہ ہمیں ووٹ مل سکیں بلکہ اس لئے کہ اللہ ر اضی ہو اور جب اللہ راضی ہوتا ہے تو ووٹ بھی ملتے ہیں، نیت صاف ہو تو اللہ تعالیٰ راستے بناتا ہے۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ غریب کے بچے کے پاس آج بھی کھانے پینے کیلئے کچھ نہیں، عوام مہنگائی کے ہاتھوں بے حال ہیں، سابق وزیر اعظم عمران نیازی نے قوم کیلئے کچھ نہیں کیا۔ مجھے نہیں معلوم کہ ہماری سیاست کہاں جائے گی مگر ہم عوام کی خدمت کرنے کیلئے دن رات محنت کریں گے۔
تبصرے بند ہیں.