لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزارت سنبھالتے ہی بڑی خوشخبریاں سنا دیں، عید الفطر کے دنوں میں ریلوے کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کا اعلان جبکہ ملازمین کو تنخواہ اور پنشن بروقت ملنے کی یقین دھانی کروا دی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گزشتہ روز ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم اور اداروں کی خدمت کا دوبارہ موقع ملا، ری اسٹرکچرل ریفارمز کریں گے، چند دن تک ریلوے میں بہتری نظر آئے گی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ زیادہ تر منصوبے چار سال پہلے والی جگہ پر ہیں، نیب نے تباہی مچائی اور ریلوے کو کام نہیں کرنے دیا، پہلے والا ماحول واپس آگیا، سی او ریلوے سینئر افسر تعینات کیا جائے گا، کسی کو ریلوے سے نہیں نکالا جائے گا۔نومنتخب وزیر ریلوے نے کہا کہ دو باتیں ریلوے کے حوالے سے مزید کروں گا وہ یہ کہ ریلوے کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن اور حاضر سروس ملازمین کو تنخواہیں وقت پر دی جائیں گی، فنڈز کا انتظام کر لیا ہے، عید کے دنوں میں مسافروں کیلئے ٹرینوں کے کرایوں میں 30 فیصد تک کمی کی جائے گی۔
ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اپوزیشن کو انتقام کی چکی میں پیسا، نیوکلئیر اسٹیٹ انتقام کی بنیاد پر نہیں چل سکتا، پچاس سال پرانی زندگی گزار رہے ہیں، ہمیں چور بنانے کی کوشش کی، دائرہ اسلام سے خارج کرانے کی کوشش کی اور اب کہتے ہیں کہ ہم نے غیر ملکی سازش کی۔سعد رفیق نے کہا کہ ہم ایک لمحہ ضائع نہیں کریں گے، کسی سے بھی کسی قسم کا کوئی انتقام نہیں لینگے اور نہ ہی اس سب کیلئے فالتو وقت ہے۔
تبصرے بند ہیں.