وفاقی کابینہ کے کس وزیر نے کون سی وزارت سنبھالی?

165

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمفتاح اسماعیل کو وفاقی وزیر خزانہ بنا دیا گیا ہے جنہوں نے آج ہی نئی وفاقی کابینہ کے ہمراہ حلف اٹھایا تھا۔ 
تفصیلات کے مطابق مفتاح اسماعیل کو آرٹیکل 91 کی ذیلی شق 9 کے تحت وفاقی وزیر بنایا گیا ہے جبکہ احسن اقبال کو وزارت منصوبہ بندی، رانا ثناءاللہ کو وزارت داخلہ اور شاہ زین بگٹی کو وفاقی وزیر انسداد منشیات کا قلمدان دیا گیا ہے۔ 
ذرائع کے مطابق اسعد محمود کو وزارت مواصلات، طلحہ محمود کو وزارت سیفران، امین الحق کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی، مفتی عبدالشکور کو وزارت مذہبی امور اور مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا چارج سنبھالا ہے۔ 
واضح رہے کہ قائم مقام صدر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کابینہ کے ارکان سے ایوان صدر اسلام آباد میں آج منعقد ہونے والی تقریب کے دوران حلف لیا۔ 
حلف اٹھانے والوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 14، پیپلز پارٹی کے 9، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے 4، ایم کیو ایم کے 2 ارکان کے علاوہ مسلم لیگ (ق) اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطاق وفاقی وزراءمیں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، مریم اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، جاوید لطیف، نوید قمر، خورشید شاہ، شیری رحمن، شازیہ مری اور عبدالقادر پٹیل شامل ہیں۔ 
ان کے علاوہ مولانا اسعد محمود، طلحہ محمود، فیصل سبزواری، امین الحق، محمد اسرار ترین، عابد حسین، عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمن مزاری، مرتضیٰ جاوید عباسی اور ریاض حسین پیر زادہ بھی شامل ہیں۔

تبصرے بند ہیں.