منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

468

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی خصوصی عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور کی خصوصی عدالت میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی اور ان کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر دلائل دیتے ہوئے کہا کہ دیکھنا ہے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ثبوتوں پر فرد جرم عائد ہوسکتی ہے یا نہیں۔ 
شہباز شریف کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل وزیراعظم کے امیدوار ہیں اور آج انتخاب ہے اس لئے وہ پیش نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ میں عمرے پر جا رہا ہوں اور میری عدم موجودگی میں فرد جرم کی کارروائی نہ کی جائے بلکہ لمبی تاریخ دی جائے۔ 
شہباز شریف کے وکیل کی درخواست پر فاضل جج نے کہا کہ آپ عدالت میں درخواست لکھ کر دیں جبکہ ایف آئی اے کے وکیل سے استفسار کیا کہ لمبی تاریخ دینے پر کوئی اعتراض ہے؟ جس پر انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کو کوئی اعتراض نہیں۔ بعد ازاں عدالت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت میں 27 اپریل تک توسیع کر دی۔ 

تبصرے بند ہیں.