اسلام آباد: وزارت عظمیٰ کیلئے متحدہ اپو زیشن کے امیدوار شہباز شریف نے کابینہ کی تشکیل کیلئے اتحادیوں کے ساتھ مشاورت شروع کر دی ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ وفاقی کابینہ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے 12 اور پیپلز پارٹی کے 7 وزراءہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق کابینہ میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے 4، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے 2، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)، جمہوری وطن پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کو ایک ایک وزارت دی جا ئے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور طارق بشیر چیمہ کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کئے جانے کیساتھ ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) سے خواجہ آصف، سعد رفیق، خرم دستگیر، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک، رانا ثنا ءاللہ اور مرتضیٰ جاوید عبا سی کی کابینہ میں شمولیت کا امکان ہے۔
سینیٹ میں قائد ایوان کیلئے سینیٹر اعظم نذیر تارڑ کا نام زیر غور ہے جبکہ پیپلز پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفی نواز کھوکھر میں سے ایک کو وزارت دے گی۔ اس کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیر خارجہ ہو سکتے ہیں جبکہ شازیہ مری کے نام پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
جے یو آئی (ف) نے مطالبہ کیا ہے کہ خیبرپختونخواہ یا بلوچستان میں گورنر ان کی جماعت سے لگایا جائے جبکہ پنجاب کا گورنر پیپلز پارٹی اور سندھ کا گورنر ایم کیو ایم سے لیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.