جوبائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کر دیا

37

واشنگٹن: امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کردیا ہے۔ یو کرین کے دو علاقوں کو آزاد ریاست تسلیم کرنے کے صدر پوتن کے اقدام کو بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

 

امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تجارتی پابندیوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اور اس کے اتحادی یوکرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 

وائٹ ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مشرقی یوکرین میں روس کی جانب سے اپنے فوجی دستے بھیجنے کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

 

صدر بائیڈن کا کہنا تھا کہ اب مغربی ممالک کی جانب سے روس میں سرمایہ کاری نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے دو روسی بینکوں وی ای بی اور روسی ملٹری بینک پر تجارتی پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔

 

انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر روس نے یوکرین کے خلاف مزید اقدامات کیے تو امریکہ روس پر پابندیاں بڑھاتا رہے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کا روس سے لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں مگر نیٹو اتحاد کے علاقوں کی حفاظت کی جائے گی۔

 

امریکی صدر نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ یوکرین کی مزید دفاعی امداد کرے گا جبکہ نیٹو اتحاد کے ممالک میں امریکی دستے بھیجے جائیں گے۔

 

صدر بائیڈن کا کہنا ہے کہ روسی صدر پوتن نے یوکرین کی سالمیت پر حملہ کیا ہے۔ صدر پوتن یورپ میں سکیورٹی امور پر بات چیت میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ہیں۔

 

یاد رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے مشرقی یوکرین میں باغیوں کے زیر کنٹرول علاقوں کو بطور آزاد ریاستیں تسلیم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

 

تبصرے بند ہیں.