لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی ہے جس کے کچھ کھلاڑی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہو گئے ہیں تو کپتان شاداب خان سمیت متعدد کھلاڑی انجریز کا شکار ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے انگلش بلے باز ایلکس ہیلز ذاتی مصروفیات کے باعث پی ایس ایل 7 کے بقیہ میچز نہیں کھیلیں گے جبکہ کپتان شاداب خان، ذیشان ضمیر اور محمد اخلاق انجریز کا شکار ہیں جن کی رپورٹس آج متوقع ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان گروئن انجری کا شکار ہیں جبکہ ذیشان ضمیر اور محمد اخلاق ٹانگ کی انجریز کا شکار ہیں۔فرنچائز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے بقیہ میچز کیلئے فائنل ٹیم کا فیصلہ مذکورہ کھلاڑیوں کی میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں کیا جائے گا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی مشکلات یہیں ختم نہیں ہوتیں کیونکہ ایک اور اہم غیر ملکی کھلاڑی کولن منرو بھی فٹنس مسائل سے دوچار ہیں جن کا آج معائنہ کیا جائے گا۔ وہ کچھ روز قبل ٹریننگ سیشن کے دوران دائیں بازو کی انجری کا شکار ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ٹیم میں شامل افغان کرکٹر رحمن اللہ گرباز جلد ہی قومی فرائض کی انجام دہی کیلئے واپس چلے جائیں گے اور ان کی جگہ انگلینڈ کے ول جیکس ٹیم میں شامل ہوں گے۔ اس سے قبل پال سٹرلنگ نے ٹیم کا ساتھ چھوڑا تھا اور ان کی جگہ لائم ڈاﺅن نے لی تھی۔
تبصرے بند ہیں.