کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے سیکیورٹی ڈویژن نے جامع سیکیورٹی پلان ترتیب دیدیا ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر 5 ہزار 650 اہلکار تعینات کئے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز کل سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہونے جارہا ہے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں جبکہ سیکیورٹی اور عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے پیش نظر شائقین کرکٹ کیلئے بھی اہم ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
سیکیورٹی ڈویژن نے ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے جامع سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے جس کے مطابق مجموعی طور پر 5 ہزار 650 اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہوں گے، ان میں سیکیورٹی ڈویژن کے 1700 اہلکار فرائض سرانجام دیں گے جبکہ ایس ایس یو کے 1200 کمانڈوز بھی تعینات کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کے 1500، سپیشل برانچ کے 500 اور ریپڈ ریسپانس فورس کے 250 اہلکارتعینات کئے جائیں گے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کیلئے سواٹ ٹیم ہر وقت چوکنا رہے گی، ان کے علاوہ سندھ رینجرزاور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی فرائض سرانجام دیں گے۔
پی ایس ایل ٹیموں کی نقل وحرکت کے دوران نیشنل سٹیڈیم، کراچی ائیرپورٹ اور متعین روٹس پر واقع اہم تنصیبات پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے جائیں گے جبکہ اس دوران فضائی نگرانی بھی کی جائے گی اور نیشنل سٹیڈیم کے باہر خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس موجود ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی پلان کے تحت قومی شناختی کارڈ اور کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے حامل افراد کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی جائے گی جبکہ ماسک پہننا لازمی ہو گا اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے رولز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سٹیڈیم سے نکال دیا جائے گا۔
سیکیورٹی پلان کے تحت سٹیڈیم میں سگریٹ، ماچس، لائٹر، چاقو، دھاتی اشیا لانے کی اجازت نہ ہوگی جبکہ آتشی اسلحہ، کھلونا بندوقیں، دھماکہ خیز مواد اور پٹاخے لانا بھی سخت ممنوع قرار دیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.