سنیل گواسکر نے ویرات کوہلی کو آڑے ہاتھوں لے لیا

70

نئی دہلی: بھارت کے سابق کرکٹر سنیل گواسکر نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ویرات کوہلی سمیت دیگر کھلاڑیوں کے نامناسب روئیے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں پر پابندیاں یا جرمانہ عائد نہیں کیا۔ 
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنیل گواسکر نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران سٹمپ مائیک پر غصے کا اظہار کرنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک قابل گریز صورتحال تھی اور یہ ایسی چیز تھی جسے ویرات کوہلی کپتان کی حیثیت سے روک سکتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب آپ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے جیتنے کی کوشش کر رہے ہوں تو ہر ایک لمحہ ہی اہمیت کا حامل ہوتا ہے، میچ کے دوران اگر آپ کچھ کہہ دیں تو بات اور ہے مگر جب آپ خصوصی طور پر سٹمپ مائیک کے پاس جائیں اور کچھ کہیں تو یہ غیر مناسب بات ہے، لہٰذا اس سے پرہیز کیا جا سکتا تھا۔ 
سنیل گواسکر نے کہا کہ یہ طنز بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کے آفیشل براڈکاسٹر پر کیا گیا اور ہماری خوش قسمتی یہی ہے کہ انہوں نے بھارتی کھلاڑیوں پر پابندیاں یا جرمانہ عائد نہیں کیا، کھیل کے میدان میں دباؤ ہوتا ہ اور غصہ بھی آ جاتا ہے، لیکن اگر بھارت میں کوئی غیر ملکی کھلاڑی یا کپتان ایسی حرکت کرتا تو ہمارے کھلاڑی تسلیم نہ کر پاتے۔ 

تبصرے بند ہیں.