لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ کے باعث پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا ترانہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رمیز راجہ نے ترانے پر اٹھنے والے اخراجات برداشت کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) مینجمنٹ سے سپانسر تلاش کرنے کو کہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی مارکیٹنگ ٹیم ترانے کی تیاری کیلئے پاکستان کے سٹار گلوکار عاطف اسلم کے ساتھ رابطے میں ہے لیکن اس معاملے میں ذرا بھی پیش رفت نہیں ہو سکی ہے۔
پی ایس ایل کا ترانہ ایونٹ کی چند بہترین چیزوں میں سے ایک ہوتا ہے اور سب ہی بے صبری سے اس کا انتظار کرتے ہیں۔ لیگ کے پہلے تین ایڈیشنز کیلئے علی ظفر نے اپنی آواز میں ترانے گائے تھے۔
پی ایس ایل 4 کیلئے فواد خان اور ینگ دیسی نے اپنی آواز کا جادو جگایا اور پی ایس ایل 5 کا ترانہ علی عظمت، ہارون، عارف لوہار اور عاصم اظہر نے گایا جبکہ پی ایس ایل 6 کا ترانہ نصیبو لال، آئمہ بیگ اور ینگ سٹنرز نے گایا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا ترانہ 27 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب کے موقع پر متعارف کرایا جانا ہے لیکن اس کی تیاری میں تاخیر نے شائقین کو پریشان کر دیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.