دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 انٹرنیشنل پلیئرز آف دی ائیر کی نامزدگیوں کا اعلان کر دیا ہے جن میں پاکستان کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی نے ٹی 20 پلیئر آف دی ائیر کیلئے چار کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے جن میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان، انگلینڈ کے جوز بٹلر ، سری لنکا کے ہسارنگا اور آسٹریلیا کے مچل مارش شامل ہیں۔
رواں سال ٹی 20 کرکٹ میں محمد رضوان نے انتہائی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 29 میچوں میں 73.66 کی اوسط سے ایک سنچری کے ساتھ 1ہزار 326 رنز بنائے اور یوں وہ مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں چھائے رہے۔
انہوں نے آئی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021 کے دوران پاکستانی ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا جبکہ آسٹریلیا کیخلاف کھیلے گئے سیمی فائنل سے قبل ہسپتال میں رہنے کے باوجود بھی انتہائی عمدہ اننگز کھیلی۔
محمد رضوان اپنی عمدہ کارکردگی کے باعث ٹی 20 ورلڈکپ میں تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بھی بنے۔ آئی سی سی کے مطابق پلیئر آف دی ایئر کا انتخاب ووٹوں کے ذریعے ہو گا اور نتائج کا اعلان 24 جنوری کو کیا جائے گا۔
تبصرے بند ہیں.