ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی

69

کراچی: ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف ٹی20 اور ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے کراچی پہنچ گئی ہے جو کورونا ٹیسٹ کے بعد کل سے نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس شروع کرے گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے ہوٹل میں کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ لئے جائیں گے اور رپورٹس منفی آنے کے بعد کل سے کھلاڑیوں کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پریکٹس کی اجازت ہو گی۔ دوسری جانب بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کا سکواڈ ڈھاکہ سے بذریعہ دبئی وطن پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی20 اور تین ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی اور ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 13 دسمبر کو کراچی میں ہو گا۔ دورہ پاکستان سے قبل ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے اور ان کے کپتان کیرون پولارڈ دورہ پاکستان سے دستبردار ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل 2018 کے بعد یہ ویسٹ انڈیز کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا، اس سے قبل مہمان ٹیم تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز کھیلنے 2018ءمیں پاکستان آئی تھی جبکہ آخری مرتبہ 2006ءمیں پاکستان کی سرزمین پر کوئی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کھیلی تھی۔

تبصرے بند ہیں.