موسیقار اے آر رحمان کی بیٹی کی حجاب میں پرفارمنس نے شائقین کے دل جیت لئے

130

دبئی: معروف بھارتی مسلمان موسیقار اللہ رکھا رحمان ( اے آر رحمان ) کی بیٹی خدیجہ نے حجاب میں  پرفارم کرکے دل جیت لئے ۔ دبئی ایکسپو میں حجاب پہن کر پرفارمنس دنیا بھر میں وائرل ہوگئی ۔

تفصیلات کے مطابق بھارت کے واحد ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ گلوکار و موسیقار اللہ رکھا (اے آر رحمٰن) کی صاحبزادی خدیجہ رحمٰن نے دبئی ایکسپو میں پہلی مرتبہ پرفارم کرکے شائقین کے دل جیت لئے ۔

خدیجہ رحمان موسیقار اے آر رحمان کی بڑی بیٹی ہیں جن کے بارے میں بھارتی میڈیا منفی پراپیگنڈہ کرتا رہا ہے ان کے حجاب اور برقعہ کو کئی بار تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا اور انہیں قدامت پسند تک بھی قرار دیا گیا ۔

اے آر رحمان کی بیٹی خدیجہ رحمٰن اگرچہ پہلے بھی گلوکاری کرچکی ہیں  تاہم انہوں نے دبئی میں جاری ایکسپو میں پہلی مرتبہ پرفارم کرکے شائقین سے خوب داد وصول کی ہے ۔ ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ موسیقار نے اپنے انسٹاگرام، فیس بک اور ٹوئٹر کے ذریعے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی صاحبزادی خدیجہ رحمٰن نے 20 نومبر کو دبئی ایکسپو 2020 میں پرفارمنس کی۔

انہوں نے یوٹیوب چینل پر بیٹی کی پرفارمنس کی مکمل ویڈیو بھی شیئر کی،جس میں خدیجہ رحمٰن کو ’فردوس آرکسٹرا‘ گروپ اراکین کے ہمراہ پرفارمنس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

خدیجہ رحمٰن نے 20 نومبر کو بچوں کے عالمی دن کے موقع پر والد صاحب کے ترتیب دیے گئے کلام ’فرشتون‘ کو پیش کیا۔ 

یاد رہے کہ خدیجہ رحمٰن نے پرفارمنس کے دوران روایتی اسلامی لباس پہن رکھا تھا جب کہ ان کے ساتھ پرفارمنس کرنے والے ’فردوس آرکسٹرا‘ گروپ کی اراکین خواتین روایتی بولڈ لباس میں دکھائی دیں۔

’فردوس آرکسٹرا‘ میں مختلف ممالک اور مذاہب کے لوگ شامل ہیں اور مذکورہ گروپ اے آر رحمٰن کی سرپرستی میں ہی کام کر رہا ہے اور اسے خصوصی طور پر دبئی ایکسپو 2020 کے لیے ہی بنایا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اے آر رحمٰن اور ان کے والدین پیدائشی ہندو تھے اور انہوں نے بعد میں اسلام قبول کیا تھا۔

 اے آر رحمٰن بھارت کے واحد موسیقار اور شوبز شخصیت ہیں، جنہیں فلمی دنیا کا اعلیٰ ترین ایوارڈ آسکر ملا جب کہ وہ بافٹا اور گولڈن گلوب جیسے اعلیٰ ایوارڈز بھی متعدد بار جیتنے والے واحد بھارتی ہیں۔انہوں نے کم از کم 5 درجن بولی وڈ فلموں کے گانوں کی موسیقی ترتیب دی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.