آئی سی سی نے چیمپینز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کو چیلنجنگ قرار دیدیا

72

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے 2025ءکی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کو چیلنجنگ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کونسل اس معاملے میں کچھ بھی نہیں کر سکتی۔ 
کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین گریک بارکلے نے ایک بیان میں کہا کہ 2025ءمیں بھارت کا دورہ پاکستان واقعی چیلنجنگ ہو گا کیونکہ پاکستان اور بھارت کافی عرصے سے دوطرفہ دورے نہیں کر رہے جبکہ آئی سی سی بھی چیمپینز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارت کے دورہ پاکستان سے متعلق کچھ نہیں کر سکتی۔
چیئرمین آئی سی سی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ کی بحالی پر کام کرنا مشکل ہے کیونکہ میں جغرافیائی صورتحال کو کنٹرول نہیں کر سکتا مگر امید ہے کہ کرکٹ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات کی بہتری میں مدد فراہم کرے گی اور دونوں ممالک کے افراد ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔ 
واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کو 2025ءکی چیمپینز ٹرافی کی میزبانی دینے کے اعلان کے بعد کرکٹ شائقین تشویش میں مبتلا ہیں کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان آئے گی یا نہیں؟ جبکہ بھارت نے ابھی سے ہی اس معاملے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ شروع کر دیا ہے۔ 
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سابق صدر اور وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستان میں چیمپینز ٹرافی کھیلنے کے حوالے سے فیصلہ وہاں کی سیکیورٹی صورتحال سے مشروط ہے، بھارتی حکومت پوری طرح پاکستان کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لے گی جس کے بعد ہی بھارتی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے متعلق اعلان کیا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.