شاہین آفریدی نے ٹاپ آرڈر کو جلد آؤٹ کرنے کا گربتادیا

134

اسلام آباد: پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے نئی گیند سے بیٹسمینوں کو آؤٹ کرنے کا طریقہ بتادیا ۔ ایک ویڈیو میں انہوں  نے نئے باؤلرز کے لئے گر کی باتیں بتائیں جو پی سی بی نے شیئر کردی ۔اگر آپ کرکٹ کھیلتے ہیں اورباؤلنگ آپ کا شعبہ ہے تو پھر یہ باتیں جاننا بہت ضروری ہیں ۔

پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ اور تیز رفتار باؤلر شاہین آفریدی کی پی سی بی کی طرف سے جاری ہونے والی ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ وائٹ بال ابتدا میں بہت کم سوئنگ ہوتی ہے، کسی بھی باؤلر کے لیے اننگز کے آغاز میں نئے گیند کو کنٹرول کرنا آسان نہیں ہوتا،اس کے لئے  خصوصی پریکٹس اور زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

 شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ میں ٹریننگ کے دوران زیادہ تر نیٹ میں نئی گیند کا استعمال کرتے ہوئے اپنی مہارت میں بہتری لانے کی کوشش کرتا ہوں  کیونکہ ابتدا میں بال زیادہ سوئنگ نہیں ہوتی اس لیے لینتھ آگے اور اسپیڈ زیادہ رکھنی پڑتی ہے تاکہ جھانسہ دیکر بیٹسمین کو مشکل میں ڈال سکوں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹرائیک بولر کے طور پر ابتدا میں ہی جلد وکٹیں گرانا میرا ہدف ہوتا ہے، اس کے لئے مختلف کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے نئی گیند پھینکنے کے لیے حکمت عملی بناتا ہوں۔

 انھوں نے کہا کہ میرا کام صرف گیند پھینکنا ہے،آؤٹ سوئنگ ہونے سے بیٹسمین کو دقت پیش آتی ہے، بہرحال ان سوئنگ بھی اچھی ہوجائے تو کامیابی ملتی ہے، میرے خیال میں جس گیند پر بھی وکٹ ملے وہی اچھی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ کپتان کو حکمت عملی پر توجہ دینا اور اس کیلیے میدان میں سوچنے کی کئی چیزیں ہوتی ہیں، کوشش کرتا ہوں اپنی فیلڈ خود سیٹ کرتے ہوئے اس کے مطابق بولنگ بھی کروں۔

نوجوان پیسرز کو مشورہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کو صرف محنت اور کوشش سے ہی نکھارا جاسکتا ہے،اپنی مہارت میں بہتری لانے کیلیے نیٹ اور میچ پریکٹس پر پوری توجہ دیں، کنڈیشنز اور ان کا بہتر استعمال سمجھنے میں آسانی ہوتی جائے گی ۔

یاد رہے کہ پاکستان کے فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک بہترین باؤلنگ کی ہے اور مخالف ٹیموں کے خلاف فتح میں نمایاں کردار ادا کیا ہے  ۔شاہین آفریدی نے بھارت کے خلاف کھیلتے ہوئے تین جبکہ نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک ایک  وکٹ حاصل کی تھی ۔

تبصرے بند ہیں.