لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے وسیم خان کے استعفے کے بعد نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی تلاش شروع کر دی ہے اور اس ضمن میں اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امیدوار کا کسی منظور شدہ یونیورسٹی سے ماسٹرز ڈگری یا اس کے مساوی تعلیمی قابلیت کا حامل ہونا ضروری ہے جبکہ مینجمنٹ کے شعبے میں وسیع تجربے کا ٹریک ریکارڈ اور کامیاب برانڈز بنانے کا ٹریک ریکارڈ ہونے کے ساتھ کرکٹ کیلئے جذبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہو گا۔
اس اسامی پر تعیناتی کے خواہشمند امیدوار کیلئے اگرچہ کرکٹ کیلئے کام کرنے یا سپورٹس ایڈمنسٹریشن کا تجربہ لازمی نہیں لیکن اس تجربے کے حامل افراد کو دیگر پر ترجیح دی جائے گی۔ نئے چیف ایگزیکٹو کا تقرر 3 سال کیلئے ہو گا جس کی تنخواہ قابلیت اور جاب مارکیٹ کو دیکھتے ہوئے مقرر کی جائے گی۔
اشتہار میں امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی درخواستیں، پروفائل، تصویر اور شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی کے ہمراہ ڈائریکٹر ایچ آر سیرینا آغا کو 27اکتوبر شام 5بجے سے قبل جمع کروائیں۔
واضح رہے کہ وسیم خان کی قبل ازوقت رخصتی کے بعد پی سی بی میں چیف ایگزیکٹو کی نشست نئی تعیناتی کی منتظر ہے، قبل ازیں سی ای او کے بجائے ڈائریکٹر مقرر کئے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں مگر اشتہار جاری ہونے کے بعد اس حوالے سے کوئی غلط فہمی باقی نہیں رہی۔
تبصرے بند ہیں.