پاکستان کے خلاف اہم میچ سے قبل کین ولیم سن فٹ ہو جائیں گے: کیوی کوچ

133

دبئی: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچ گیری سٹیڈ نے اعلان کیا ہے کہ کیوی کپتان کین ولیم سن ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کے خلاف میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق کین ولیم سن انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں سن رائزرز حیدر آباد کی نمائندگی کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے تھے جس کے بعد یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ وہ پاکستان کے خلاف اہم میچ میں ٹیم کی قیادت نہیں کر پائیں گے۔
تاہم کیوی کوچ گیری سٹیڈ نے ان تمام افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کین ولیم سن بالکل ٹھیک ہیں اور انہیں معمولی بھی ہیمسٹرنگ انجری ہوئی تھی تاہم وہ تیزی کیساتھ صحت یابی کی جانب گامزن ہیں اور 26 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف بلیک شرٹس کے ابتدائی میچ کیلئے فٹ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ٹی 20 ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 26 اکتوبر کو پاکستان کے خلاف میچ سے کرے گی اور یہ میچ عمومی حالات کے برعکس اس مرتبہ کہیں زیادہ اہمیت اور توجہ کا حامل ہے کیونکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان آ کر دورہ کینسل کر دیا تھا۔
کیوی ٹیم نے 17 ستمبر کو پہلا ون ڈے میچ شروع ہونے سے صرف چند گھنٹے قبل پاکستان کرکٹ پر ایک بم گرایا اور سیکیورٹی وجوہات کو جواز بنا کر دورہ منسوخ کر دیا جس کے بعد اسے خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور یہی وجہ ہے کہ اب ٹی 20 ورلڈکپ میں شیڈول اس میچ پر پوری دنیا کی نظریں ہیں۔

تبصرے بند ہیں.