کورونا ویکسین اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی ، این سی او سی

182

اسلام آباد : این سی او سی کے اجلاس میں حاملہ اور دودھ پلانے والی خواتین کو بھی کرونا ویکسین لگوانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی او سی)کا کہنا ہے کہ  حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین کیلئے کورونا ویکسین محفوظ اور موثر ہے۔ویکسین حمل کے کسی بھی مرحلے میں لگائی جا سکتی ہے، کورونا ویکسین مرد یا عورت میں اولاد پیدا کرنے کی صلاحیت پر اثر نہیں کرتی، حمل کے دوران کورونا وائرس ماں اور بچے کیلئے انتہائی خطرناک ہو سکتا ہے۔

دوسری طرف وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین حاملہ خواتین بھی لگواسکتی ہیں، اسلام آباد کو 100 فیصد ویکسی نیٹڈ شہر بنانا چاہتے ہیں، ویکسین بیماری سے بچاتی ہے اور حکومت نے یہ خریدی ہے، عوام کے تعاون سے کورونا وباسے نمٹنے میں کامیاب ہوں گے لہذا شہری کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لگوانے میں تاخیر نہ کریں، موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں رہ جانے والے علاقوں میں جا کر ویکسی نیشن کریں گی، اس لیے درخواست ہے کہ جب موبائل ویکسی نیشن ٹیم آئے تو ویکسین ضرور لگوائیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ موبائل ویکسی نیشن یونٹ محکمہ صحت کا ایک انقلابی اقدام ہے، موبائل ویکسی نیشن یونٹ میں ڈیٹا انٹری کے ساتھ ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں گے، ڈینگی کے پنپنے کا موسم ہے ،اس لیے پانی کھڑا ہونے نہ دیں۔

دوسری طرف  گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46 ہزار 231 ٹیسٹ کیےگئے جن میں سے 1897 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ وائرس سے مزید 81 افراد انتقال کر گئے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 4.22 فیصد سے کم ہوکر تقریباً 4 فیصد رہ گئی۔اس کے علاوہ وبا سے متاثرہ تشویش ناک کیسز کی تعداد 4846 ہے۔

تبصرے بند ہیں.