لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے اعلان کردہ سکواڈ کے پیچھے کھڑے ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے نیوزی لینڈ، انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان ہونے کے بعد سے پاکستان کرکٹ ٹیم میں سلیکشن سے متعلق کئی باتیں سامنے آ رہی ہیں اور اب پی بورڈ نے بھی اس معاملے پرردعمل دیتے ہوئے ایسی رپورٹس کی تردید کر دی ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ قومی ٹیم کے ماحول سے متعلق حقائق کے منافی رپورٹس گردش کر رہی ہیں حالانکہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز کے علاوہ ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان ہو چکا ہے اور اس سلسلے میں جو پالیسی اختیار کی گئی ہے کپتان بابراعظم مکمل طور پر اس کی حمایت کرتے ہیں۔
وسیم خان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے موجودہ رکن رمیز راجہ کی کھلاڑیوں کیساتھ ملاقات کی تصدیق بھی کی اور اسے مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران یہ طے کیا گیا کہ آئندہ سیریز میں کس طرح کی کرکٹ کھیلنی چاہئے، ہمیں منتخب شدہ سکواڈ کی مکمل حمایت کرنی چاہئے تاکہ وہ بہتر کارکردگی دکھا سکے۔
واضح رہے کہ 6 ستمبر کو نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈ ٹی 20 کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان ہونے کے کچھ دیر بعد اچانک مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس باؤلنگ کوچ کے عہدے سے دستبردار ہوگئے تھے اور ان کی جگہ ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق عبوری کوچز کے فرائض انجام دیں گے۔
تبصرے بند ہیں.