افغان حکومت کی ای میلز تک طالبان کی رسائی روکنے کیلئے گوگل نے اکاؤنٹس بلاک کر دیے

163

کیلی فورنیا: گوگل نے طالبان کی جانب سے افغانستان پر کنٹرول کے بعد افغان حکومت کے متعدد ای میل (جی میل) اکاؤنٹس بلاک کر دیے۔

برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق گوگل کی جانب سے گذشتہ دنوں کہا گیا تھا کہ وہ افغانستان کی صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے اور افغان حکومت کے ای میل اکاؤنٹس عارضی طور پر بلاک کرنے جا رہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق گوگل کی جانب سے یہ اقدام حفاظتی اقدام کے طور پر کیا گیا ہے اور اس سے قبل افغان حکومت کا بائیو میٹرک نظام طالبان کے ہاتھ لگنے پر خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ طالبان اس کے ذریعے اپنے مخالفین کو ڈھونڈ کر نشانہ بنا سکتے ہیں۔

امریکی حمایت یافتہ سابقہ افغان حکومت کے ایک متعلقہ عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبر ایجنسی کو بتایا کہ طالبان سابقہ حکومت کے عہدیداران کے ای میل اکاؤنٹس تک رسائی چاہتے تھے اور انہوں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں اپنے محکمے کے سرورز کا ڈیٹا محفوظ کروں تاہم میں نے ایسا نہیں کیا اور اب تک چھپا ہوا ہوں۔

رپورٹ کے مطابق سابقہ افغان حکومت کے عہدیدار گوگل کی جی میل کے علاوہ مائیکروسافٹ کی ای میل سروس بھی استعمال کرتے تھے تاہم مائیکروسافٹ نے ڈیٹا طالبان سے بچانے کے لیے کیا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی جب کہ مائیکروسافٹ نے بھی اس سوال پر کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.