آئرلینڈ نے پاکستان سمیت 23 ممالک کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا

164

ڈبلن: آئرلینڈ نے پاکستان سمیت 23 ممالک کو سفری پابندیوں پر مبنی ریڈلسٹ سے نکال دیا ہے اور ان ممالک سے آئرلینڈ جانے والے مسافروں پر اب لازمی قرنطینہ کی شرط لاگو نہیں ہو گی۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق آئرلینڈ کے حکام نے پاکستان، روس، جنوبی افریقہ، بھارت، بنگلا دیش ،ملائشیا، قازقستان، تیونس، زمبابوے اور جارجیا سمیت 23 ممالک کو ریڈلسٹ سے نکال دیا ہے اور ان ممالک سے آئرلینڈ جانے والے مسافروں کو اب لازمی ہوٹل قرنطینہ نہیں کرنا ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ریڈلسٹ سے نکالے گئے ممالک سے آئرلینڈ آنے والے مسافروں کے پاس مکمل ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہونا لازمی قرار دینے کے علاوہ کوروناصحت یابی اور منفی پی سی آر رپورٹ کا ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ریڈ لسٹ سے نکالے جانے والے ممالک کے مسافروں کو گھر پر5روز قرنطینہ کرنا ہو گا جو پی سی آر رپورٹ منفی آنے پر قرنطینہ ختم کرسکیں گے۔
واضح رہے کہ برطانیہ نے کورونا کے ڈیلٹا ویرینٹ کے گڑھ بھارت کو تو کورونا کی ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے لیکن پاکستان اس فہرست میں بدستور موجود ہے حالانکہ پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بھارت کے مقابلے میں کہیں زیادہ کم ہے اور اس فیصلے پر برطانیہ کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔ 
برطانیہ کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق پاکستان سے آنے والوں کو ہوٹل میں قرنطینہ کرنا ہوگا اور 12 اگست سے ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنے والوں سے قرنطینہ کی مد میں زائد رقم وصول کی جائے گی۔ 
نئے حکم نامے کے بعد ایک بالغ شخص کے قرنطینہ کے اخراجات 1750 سے بڑھ کر 2285 پاﺅنڈ ہوجائیں گے جبکہ دوسرے بالغ شخص کیلئے 1430 پاؤنڈ ادا کرنا ہوں گے۔

تبصرے بند ہیں.