استنبول:صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان اور ترکی مشترکہ چیلنجز اور نئے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کیلئے مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں اپنے تعاون کو مزید مستحکم کر رہے ہیں، منصوبے کی بروقت تکمیل پاکستان اور تْرکی کے مابین مضبوط تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے، ملجم بحری جہازوں کے منصوبے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاک بحریہ کی پہلی ملجم کلاس کورویٹ کی تقریب رونمائی میں شرکت کی ، پاکستان نیوی کی پہلی ملجم کلاس کورویٹ کی لانچنگ تقریب استنبول نیول شپ یارڈ میں منعقد ہوئی،بیگم ثمینہ عارف علوی نے دعائیہ کلمات کے ساتھ ملجم کلاس بحری جہاز کو سمندر میں اتارا۔
صدر مملکت نے کہاکہ دونوں ممالک اپنے اپنے خطے میں امن ، استحکام اور ترقی کے فروغ کے خواہاں ہیں، پاکستان اور ترکی مشترکہ چیلنجز اور نئے ابھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے مختلف شعبوں بالخصوص دفاع میں اپنے تعاون کو مزید مستحکم کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل پاکستان اور تْرکی کے مابین مضبوط تعلقات کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملجم بحری جہازوں کے منصوبے سے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
اس موقع پر صدر عارف علوی نے تنازعہ جموں و کشمیر پر ترکی کی مسلسل حمایت کو سراہا اور قبرص کے مسئلے پر ترکی کی پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ صدر رجب طیب اردوان نے کہاکہ ترکی اور پاکستان کے بھائی چارے اور دوستی کی گہری جڑیں ہیں،ترک عوام پاکستان کے لیے اپنے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں، کورونا کے باوجود پاکستان اور ترکی کی باہمی تجارت بہتر ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ افغانستان سمیت علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نیازی نے ملجیم منصوبے کی عظیم کامیابی کو سراہا۔
تبصرے بند ہیں.