اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ نواز شریف کو ملک کے 3 مرتبہ وزیراعظم رہنے کے بعد اب بیرون ملک میں پناہ مانگ رہے ہیں، نواز شریف کو پاکستان واپس آ کر مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتیں بھی نواز شریف کو طلب کر رہی ہیں دوسری جانب برطانوی حکومت نے نواز شریف کے ویزا کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ (ن) لیگ کی قیادت کا آپس میں واضح اختلاف موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے عدالت سے 6 ہفتوں کی مہلت علاج کروانے کے لئے حاصل کی اور بیرون ملک گئے اور بیرون ملک جا کر علاج بھی نہیں کروایا، نواز شریف کے ویزا کی درخواست مسترد اسی لئے ہوئی کہ وہ علاج کروانے کے مقصد سے لندن گئے تھے جبکہ انہوں نے علاج نہیں کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف دراصل اپنے خلاف مقدمات سے بھاگ رہے ہیں، لیڈر وہ نہیں ہوتا جو اقتدار میں ہو تو ملک میں موجود رہے اور جب اقتدار میں نہ ہو تو ملک سے فرار ہو جائے، نواز شریف کو ملک کی عدالتوں نے مفرور اور اشتہاری قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف پاکستان اور پاکستان کے جھنڈے کے ذریعے جانے جاتے ہیں، نواز شریف کو ملک کے عوام نے تین مرتبہ وزیراعظم بنایا لیکن وہ اپنے ملک میں واپس آنے کے بجائے بیرون ملک میں پناہ مانگ رہے ہیں، سابق وزیراعظم نواز شریف کو قوم کے ساتھ مزید کوئی دھوکہ کئے بغیر وطن واپس آ کر عدالتوں میں مقدمات کا سامنا کرنا چاہیے۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان واضح اختلاف موجود ہے، (ن) لیگ میں شہباز شریف ایسے شخص ہیں جو سسٹم کا حصہ ہیں جبکہ نواز شریف اور مریم نواز تو سسٹم کا حصہ بھی نہیں ہیں، شہباز شریف مفاہمت جبکہ مریم نواز مزاحمت کی بات کرتی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.