مہدی حسن کا 94 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے

178

لاہور: برصغیر کے عالمی شہرت یافتہ غزل گائیک استاد مہدی حسن کا 94 واں یوم پیدائش آج منایا جا رہا ہے۔

 

مہدی حسن 13 جون 1927 کو راجھستان کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے، 1947 میں بیس سال کی عمر میں وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ ہجرت کر کے پاکستان آ گئے اور چیچہ وطنی میں سائیکلوں کے مستری بن گئے، بعد ازاں وہ موٹر مکینک اور پھر ٹریکٹر مکینک بنے۔

 

انہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد استاد عظیم خان اور چچا استاد اسماعیل خان سے حاصل کی، ان کی گلوکاری کا باقاعدہ آغاز 1952 میں ریڈیو پاکستان کراچی سے ہوا تاہم انہیں شہرت کے رستے پر قدم رکھنے کے لیے مزید پانچ سال انتظار کرنا پڑا اور 1957 میں ریڈیو پاکستان کے لیے گائی گئی  ٹھمری نے انہیں بھرپور انداز میں متعارف کرایا۔

 

60 کی دہائی میں انہوں نے فیض احمد فیض کی غزل ’گلوں میں رنگ بھرے‘  گائی جو پورے برصغیر میں ان کی پہچان بن گئی۔

 

مہدی حسن نے 441 فلموں کے لیے گیت گائے، ان کے گیتوں کی تعداد 626 ہے، انہوں نے 366  اردو فلموں کے لیے 541 اور 74 پنجابی فلموں کے لیے 82 گیت گائے۔13 جون 2012 کو وہ کراچی کے ایک اسپتال میں جہان فانی سے رخصت ہوئے۔

 

 

انہیں فنی خدمات کے اعتراف میں نگار ایوارڈ، ہلال امتیاز، نشان امتیاز اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔

 

تبصرے بند ہیں.