پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس طلب، آئی ایس آئی سربراہ بریفنگ دینگے

192

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ یہ اجلاس یکم جولائی کو ہوگا۔ اس اہم اجلاس میں پاکستان کے خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سربراہ بریفنگ دینگے۔

ذرائع کے مطابق اس اجلاس میں قومی اسمبلی کے 16 معزز ممبران کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی ہے۔

قومی سلامتی کے اس اجلاس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید ، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

اجلاس میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، لیگی رہنما خواجہ آصف اور سابق وزیراعظم سد یوسف رضا گیلانی جمعیت علمائے اسلام کے رہنما غفور حیدری اور مولانا اسعد محمود بھی شرکت کریں گے۔

شرکا کو سول حکام اور اعلیٰ عسکری قیادت کی جانب سے قومی سلامتی کے معاملات پر ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔ پارلیمانی کمیٹی اجلاس میں قومی سلامتی کے حالیہ امور پر بات کی جائے گی۔

باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ بریفنگ آئی ایس آئی کے سربراہ لیفیٹننٹ جنرل فیض حمید دیں گے۔ پارلیمنٹ کو افغانستان اور بھارت سمیت علاقائی صورتحال پر ان کیمرہ بریفنگ دی جائے گی۔

تبصرے بند ہیں.