عجمان: پاکستانی نوجوان نے اپنی جان پر کھیل کر خاتون کو ڈوبنے سے بچا لیا

141

عجمان: پاکستانی دنیا کے جس ملک میں بھی ہوں اپنے کارناموں اور بہادری سے اپنے ملک کا نام روشن کرتے ہیں۔ اس کی تازہ مثال متحدہ عرب امارات میں رہائش پذیر ایک پاکستانی نوجوان ہے جس نے ایک خاتون کو ڈوبنے سے بچا کر سب کے دل جیت لئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ نوجوان متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان میں رہائش پذیر ہے۔ گزشتہ دنوں اس نے ایک عمر رسیدہ خاتون کو پانی میں ڈوبتے دیکھا تو فوری طور اسے بچانے کیلئے چھلانگ لگا دی۔

بتایا جا رہا ہے پاکستانی نوجوان نے جس خاتون کو بتایا اس کی عمر 58 سال اور تعلق سری لنکا سے ہے۔ یہ خاتون عجمان مرینا کے قریب پانی میں ڈوب رہی تھی۔

پاکستانی نوجوان محمد ناگمان کا اماراتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ عجمان مرینا کے قریب ٹہل رہا تھا کہ اچانک اس نے دیکھا کے ایک خاتون پانی میں غوطے کھا رہی ہے اور مدد کیلئے پکار رہی ہے۔

نوجوان نے بتایا کہ اس نے فوری طور پر اسے بچانے کیلئے پانی میں چھلانگ لگا دی اور زندہ سلامت باہر لے آیا۔ اس نے باہر آتے ہی امدادی ٹیموں کو کال کی تاکہ خاتون کو جلد طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

اس کا کہنا تھا کہ ایمرجنسی کال کے فوری بعد ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں جس کے اہلکاروں نے خاتون کو موقع پر طبی امداد دے کر ہسپتال پہنچایا۔

متحدہ عرب امارات کی جانب سے سری لنکن خاتون کی زندگی بچانے والے پاکستانی نوجوان کو تعریفی اسناد سے نوازا ہے۔

اس سلسلے میں عجمان پولیس کے ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں ڈائریکٹر غیث خلیفہ سالم الکعبی نے خصوصی طور پر شکت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کے کام کی تعریف کی ہے۔ حال ہی میں پیش آنے والا واقعہ انتہائی غیر معمولی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگوں کی زندگی بچانے کے لیے اپنی زندگی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ اماراتی حکومت ہمیشہ ایسے افراد کی خدمات کو سراہتی ہے۔

تبصرے بند ہیں.