اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دیدی

177

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دیدی ہے، شعیب ملک کے عمدہ 68 رنز اور کامران اکمل کی 53 رنز کی اننگز بھی پشاور زلمی کو شکست سے نہ بچا سکی۔ 
تفصیلات کے مطابق ابوظہبی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو عثمان خواجہ پشاور زلمی کے باؤلرز پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے جس کے نتیجے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 247 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا سکور بناکر پی ایس ایل میں سب سے بڑے ٹوٹل کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا، اسلام یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2019 میں لاہور قلندرز کے خلاف 238 رنز بنائے تھے۔ 
عثمان خواجہ نے پشاور زلمی کے باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیا اور 56 گیندوں پر 3 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 105 رنز بنا ڈالے۔ دیگر کھلاڑیوں کولن منرو، آصف علی اور برینڈن کنگ نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے۔ کولن منرو نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور آصف علی نے 14 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے جبکہ برینڈن کنگ نے 22 گیندوں پر 3 چھکوں اور5 چوکوں کی مدد سے 46 سکور بنائے۔ 
پشاور زلمی کی جانب سے ثمین گل سب سے مہنگے باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 4 اوورز میں 56 رنز کے عوض 1 کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شعیب ملک نے 2 اوورز میں 14 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔ 
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کے شعیب ملک اور کامران اکمل کی عمدہ اور جارحانہ بلے بازی کی بدولت میچ سنسنی خیز بنا دیا تاہم دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی کھلاڑی اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکا۔ 
شعیب ملک نے 36 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے جبکہ کامران اکمل نے 32 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں امام الحق 7، روومین پاول 14، شرفین ردرفورڈ 29، وہاب ریاض 28 اور عمید آصف 20 رنز بنا سکے۔ 
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے عاکف جاوید سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 43 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور حسین طلعت نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی ایک کھلاڑی کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔ 
واضح رہے کہ میچ کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت عثمان خواجہ نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کولن منرو، برینڈن کنگ، محمد اخلاق، افتخار احمد، حسین طلعت، آصف علی، حسن علی، ظفر گوہر، فواد احمد اور عاکف جاوید شامل تھے۔ 
پشاور زلمی کی قیادت وہاب ریاض نے کی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں حضرت اللہ زازئی، کامران اکمل، امام الحق، شعیب ملک، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، ابرار احمد، عمید آصف، وقار سلام خیل اور ثمین گل شامل تھے۔ 

تبصرے بند ہیں.