لاہور: کورونا کی تیسری لہر کی وجہ سے بڑھتے ہوئے کیسز کی وجہ سے پنجاب میں کل سے 10 دن کے لیے سرکاری و نجی میڈیکل کالجز اور نرسنگ اسکولز بند کرنےکا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبےکے سرکاری ونجی میڈیکل کالجز اور نرسنگ اسکولز 12اپریل سے 10دن کے لیے بند رہیں گے۔ ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کےامتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
اس کے علاوہ کورونا وائرس کے بڑھتےکیسز کے باعث محکمہ صحت پنجاب نےلاہور سمیت صوبےکے7 اضلاع کے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز بندکرنےکا فیصلہ کیا ہے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق7 اضلاع کےسرکاری اسپتالوں میں4شعبوں کی اوپی ڈیز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو کہ 20 اپریل تک بند رہیں گی۔
ان اضلاع میں لاہور، گوجرانوالا، گجرات سیالکوٹ، راولپنڈی، فیصل آباد اور ملتان کے اسپتال شامل ہیں جہاں ڈرماٹالوجی، این این ٹی، ڈینٹسٹری اور آپتھامالوجی کے شعبوں کی او پی ڈیز بند رہیں گی تاہم دیگر شعبوں کی او پی ڈیز کھلی رہیں گی۔
صوبائی محکمہ صحت کا کہنا ہےکہ مریضوں کو او پی ڈی کے باہر ماسک فراہم کیے جائیں گے،20اپریل کو کورونا کی صورت حال کا جائزہ لے کردوبارہ فیصلہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 114 افراد اپنی جانیں گنوا بیٹھے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 443 ہو گئی ہے۔ ملک بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 21 ہزار 18 ہو گئی ہے، 24 گھنٹے کے دوران 46 ہزار 66 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 ہزار 50 افراد میں وائرس کا انکشاف ہوا ہے۔ ملک میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 73 ہزار 875 ہو گئی ہے۔ وبا سے متاثر 4143 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
صوبہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 2 لاکھ 68 ہزار 750، پنجاب 2 لاکھ 48 ہزار 438، خیبرپختونخوا 98 ہزار 301، بلوچستان میں 20 ہزار 241 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 65 ہزار 700، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127 کیسز موجود ہیں جبکہ آزادکشمیر میں کورونا مریضوں کی تعداد 14 ہزار 461 ہوگئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.