مقبوضہ کشمیر، بھارتی فوج کی دہشت گردی، 5 نوجوان شہید

197

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔ بھارت کی قابض فوج نے مزید پانچ بے گناہ اور نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی چنار میں قابض بھارتی درندہ صفت فوج نے ایک مرتبہ پھر حسب روایت سرچ آپریشن کی آڑ میں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔ قابض بھارتی فوج نے ضلع شوپیاں کے علاقے ہادی پورہ میں سرچ آپریشن کی آڑ میں تین کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے حوالے سے بتایا ہے کہ قابض بھارتی فوج نے ضلع اسلام آباد کے علاقے بیج بہارہ میں بھی دو بے گناہ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چار روز کے دوران قابض بھارتی فوج کی جانب سے سرچ آپریشن کی آڑ میں 12 کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے۔

پاکستان نے شوپیاں میں بھارتی فوج کی جانب سے مسجد کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی ہے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ  کشمیر میں مودی  کے مسلط کردہ فوجی محاصرے کو چھ سو سے زائد دن گزر گئے لیکن مودی کی  بے لگام فورسز کے  مظالم اب تک نہیں رکے ۔اب تک 7 خواتین سمیت 323 کشمیریوں کو شہید کیا جا چکا ہے جبکہ متعدد نوجوانوں کو ان کے گھروں سے اٹھا کر جعلی پولیس مقابلوں میں  شہید کیا۔

کشمیر میڈیا سروس کی جانب سے جاری کردہ اعدوشمار کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مختلف مظاہروں میں ایک ہزار 753 افراد کو شدید زخمی کیا جا چکا  ہے جبکہ 14 ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ اس عرصے کے دوران  ایک  ہزار سے زائد  کشمیریوں  کے گھروں کو بھی نقصان پہنچایا  گیا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ بھارت کے زیر تسلط کشمیر دنیا کا سب سے زیادہ جنگ زدہ خطہ ہے جہاں کشمیری دہائیوں سے بھارتی قبضے کے خلاف تحریک چلا رہے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ایک عرصے سے مقبوضہ جموں و کشمیر کو آئین کے تحت دی گئی اس خصوصی حیثیت، ایک جھنڈا اور اپنے قوانین بنانے کا حق واپس لینا چاہتے تھے جو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 کے تحت مقبوضہ کشمیر کو دی گئی تھی۔

بشکریہ(نیو نیوز)

تبصرے بند ہیں.