کراچی: پاکستان نے بیرون ملک سے 4 نئے بحری جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے تحت پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن (پی این ایس سی) کی ایک ٹیم رواں ہفتے چین روانہ ہوگی تاکہ جہازوں کی خریداری کے عمل کو حتمی شکل دی جا سکے۔
پی این ایس سی حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز چین سے خریدے جائیں گے اور بیشتر ادائیگی پاکستانی روپے میں کی جائے گی۔ پہلا جہاز تقریباً ایک سال کے اندر پاکستان پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ دیگر جہاز اس کے بعد دستیاب ہوں گے۔ حکام نے بتایا کہ ان نئے بحری جہازوں سے پی این ایس سی کی کارگو ترسیلی صلاحیت میں 40 فیصد تک اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب، پی این ایس سی نے اپنے دو پرانے جہاز 8 ارب روپے میں فروخت کرنے کے لیے بولیاں طلب کر لی ہیں، اور ان کی فروخت مارچ تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن ایک قومی ادارہ ہے جس کے بحری جہازوں میں ڈبل ہل افرامیکس، ایل آر-ون پراڈکٹ ٹینکر، پانامیکس بلک کیریئر، سپرامیکس، ہینڈیمیکس اور ہینڈی سائز بلک کیریئر شامل ہیں۔ ان جہازوں کی مجموعی وزن لانے لے جانے کی صلاحیت 9 لاکھ 38,876 ٹن ہے۔
تبصرے بند ہیں.