آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے جیت لی

72

 

سڈنی: آسٹریلیا نے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی۔ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے پاکستان کے سامنے 148 رنز کا ہدف رکھا، جس کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلوی کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز میتھیو شارٹ اور جیک فریزر مک گرک نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلے تین اوورز میں 52 رنز بنا ڈالے۔ تاہم، حارث رؤف نے 52 کے مجموعے پر جیک فریزر اور پھر آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کو پویلین واپس بھیج دیا۔ عباس آفریدی نے میتھیو شارٹ کو 32 رنز پر آؤٹ کیا، جب کہ ایرون ہارڈی 28 رنز بنا کر عباس آفریدی کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اور پاکستان نے 20 اوورز میں آسٹریلیا کو 147 رنز تک محدود کرلیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی شروعات مایوس کن رہی۔ بابر اعظم صرف 3 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ صاحبزادہ فرحان 5 رنز پر اسپنسر جانسن کی گیند پر کیچ ہو گئے، جبکہ محمد رضوان 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 44 رنز کے مجموعے پر گری جب سلمان علی آغا بغیر کوئی اسکور بنائے آؤٹ ہوگئے۔

اس موقع پر عثمان خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 50 رنز کی اننگز کھیلی۔ عرفان نیازی نے 37 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دیا، لیکن پاکستان کا مجموعہ 134 رنز تک پہنچ سکا اور وہ میچ ہار گئے۔

آسٹریلوی سپنر اسپنسر جانسن نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا اور 5 وکٹیں حاصل کیں، جس کے لیے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے سیریز 0-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔ پاکستانی ٹیم کو اگلے میچز میں کامیابی کے لیے مزید محنت اور بہتری کی ضرورت ہوگی۔

تبصرے بند ہیں.