ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا امکان

141

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

 

بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم پہاڑی علاقوں میں سردی میں اضافے کی توقع ہے۔

 

محکمہ موسمیات کے مطابق، گلگت بلتستان اور بالائی خیبرپختونخوا میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ شام یا رات کے اوقات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں اور پنجاب کے بیشتر حصوں میں سموگ کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، اور خاص طور پر صبح اور رات کے اوقات میں دھند پڑنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

 

اسلام آباد اور اس کے اطراف میں بھی موسم خشک رہنے کی توقع ہے، تاہم سموگ اور دھند چھائی رہ سکتی ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر علاقے خشک رہیں گے، لیکن پہاڑی علاقوں میں رات کو سردی بڑھنے کا امکان ہے۔

 

پنجاب کے بڑے شہروں جیسے لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، ساہیوال اور بہاولپور میں سموگ اور شدید دھند کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔ سندھ کے کچھ علاقوں، جیسے سکھر اور لاڑکانہ میں بھی صبح اور رات کے وقت دھند کی شدت بڑھ سکتی ہے۔

 

کشمیر میں سرد موسم اور ابر آلود آسمان کے ساتھ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات اور بٹگرام میں بھی بارش اور برفباری ہو سکتی ہے۔ پشاور اور دیگر میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کے مسائل بڑھنے کا امکان ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ موسم کی تبدیلی اور سموگ کی شدت سے بچا جا سکے۔

تبصرے بند ہیں.