راولپنڈی: تحریک انصاف کے صوابی میں ہونے والے گرینڈ پارٹی جرگے اور جلسے کے پیش نظر پنجاب حکومت نے راولپنڈی شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق، جلسوں، جلوسوں، ریلیوں اور ہر قسم کے اجتماع پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ اسلحے کی نمائش بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے بتایا کہ دفعہ 144 کا نفاذ 8 سے 10 نومبر تک رہے گا۔ اس دوران، راولپنڈی اور اٹک پولیس کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے سینٹرل پولیس آفس لاہور نے راولپنڈی اور اس کے ملحقہ اضلاع کے ڈی پی اوز کے ساتھ ساتھ پنجاب کانسٹیبلری اور ہائی وے پیٹرولنگ پولیس کی 1500 اہلکاروں کی اضافی فورس آر پی او راولپنڈی کے حوالے کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ فورس کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھی جائے گی اور اسے آر پی او راولپنڈی کی ہدایات کے تحت کام کرنے کے لیے الرٹ کیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.