دنیا میں پہلی بار روبوٹ کی تیار کردہ پینٹنگ 10 لاکھ ڈالرز سے زائد میں نیلام

80

 

کیلیفورنیا: دنیا میں پہلی بار ایک روبوٹ کی تیار کردہ پینٹنگ لاکھوں ڈالرز میں نیلام ہوئی ہے۔ "آئی ڈا” نامی انسان نما روبوٹ نے ایلن تورنگ کا پورٹریٹ بنایا تھا، جسے "اے آئی گاڈ” کا نام دیا گیا۔ اس پینٹنگ نے نیلامی کے میدان میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

پینٹنگ امریکی نیلام گھر میں 10 لاکھ 8 ہزار ڈالرز میں فروخت ہوئی، حالانکہ ابتدائی طور پر اس کی نیلامی قیمت 1 لاکھ 20 ہزار سے 1 لاکھ 80 ہزار ڈالرز کے درمیان متوقع کی جا رہی تھی۔

پینٹنگ 7 فٹ کی ہے اور اس میں ایلن تورنگ کی کمپیوٹنگ اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کے میدان میں خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔ روبوٹ کے اندر کیمرے نصب ہیں اور اس کے ہائیڈرولک ہاتھوں کے ذریعے یہ اپنی مرضی سے پینٹنگز تخلیق کرتا ہے۔ اس روبوٹ نے اب تک کئی دیگر پینٹنگز بھی تیار کی ہیں۔

آئی ڈا کا اے آئی ماڈل اسے لوگوں سے بات چیت کرنے کی سہولت دیتا ہے، اور یہ روبوٹ شاعری بھی تخلیق کر سکتا ہے۔

آئی ڈا روبوٹ دیکھنے میں خاتون کی شکل کا ہے اور اسے دنیا کے جدید ترین روبوٹس میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کا نام "آڈا لوولیس” پر رکھا گیا ہے، جو دنیا کی پہلی کمپیوٹر پروگرامر سمجھی جاتی ہیں۔ اس روبوٹ کو برطانیہ کے ایڈن میلار نے 2019 میں تیار کیا تھا۔

تبصرے بند ہیں.