بانی پی ٹی آئی کے حقوق پر سمجھوتہ نہیں کریں گے، پورے پاکستان کو بند کر سکتے ہیں: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا

80

پشاور:  وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اگر جیل میں بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ناروا سلوک جاری رہا تو پورے پاکستان کو بند کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے ویڈیو پیغام میں وفاقی اور پنجاب حکومت پر الزام عائد کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں غیر منصفانہ برتاؤ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کبھی بجلی بند کی جاتی ہے اور کبھی کھانے میں مشکلات پیدا کی جاتی ہیں، جو کہ حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے حکومت کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی شکایات برقرار رہیں تو ملک گیر احتجاج کے ذریعے پورے پاکستان کو بند کر دیا جائے گا۔

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ ہم اس حکومت کے دن گن رہے ہیں اور جلد ہی پورے ملک کو بند کر کے "جعلی حکومت” سے چھٹکارا حاصل کریں گے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت نے ان کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا ہے اور انہیں مجبور کر رہی ہے کہ وہ پرامن نہ رہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے وفاداری میں کمی دکھانے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔

تبصرے بند ہیں.