ملتان ٹیسٹ : پاکستان کی انگلینڈ کو 152رنز سے شکست

51

ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو 152 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ یہ میچ ملتان کے انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوا، جہاں انگلینڈ نے چوتھے دن کا آغاز دو وکٹوں کے نقصان پر 36 رنز سے کیا۔

 

پاکستان کے باؤلر ساجد خان نے جلد ہی اولی پوپ کو ایک رن کے اضافے پر آؤٹ کر دیا، اور پھر نعمان علی نے 18 رنز پر جو روٹ کو ایل بی ڈبلیو کیا۔ نعمان علی نے مزید کارکردگی دکھاتے ہوئے 78 کے مجموعے پر ہیری بروک کو بھی ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انہوں نے جیمی اسمتھ کو بھی آؤٹ کیا، جو 6 رنز بنا کر کپتان شان مسعود کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انگلش کپتان بین اسٹوکس بھی نعمان علی کے ہاتھوں اسٹمپڈ آؤٹ ہوئے، نعمان علی نے برینڈن کیرس اور جیک لیچ کو بھی آؤٹ کیا۔

 

تیسرے دن کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے انگلینڈ کے اوپنرز کو چلتا کیا تھا۔ ساجد خان نے پہلے ہی اوور میں بین ڈکِٹ کی اہم وکٹ لی، جبکہ نعمان علی نے زیک کرالی کو بھی پویلین بھیجا۔ انگلینڈ کی آخری وکٹ بھی نعمان علی کے حصے میں آئی۔

 

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 366 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم 291 رنز پر آؤٹ ہو گئی، یعنی 75 رنز کا خسارہ۔ دوسری اننگز میں پاکستان 221 رنز پر آؤٹ ہوا اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 297 رنز کا ہدف دیا۔ یہ کامیابی پاکستان کے لیے ایک اہم موڑ ثابت ہوئی ہے، اور اب سیریز کا فیصلہ آخری میچ میں ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.