پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کی ضمانت منظور، عدالت کا فوری رہا کرنے کا حکم

20

اسلام آباد:  انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے تمام مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےارکان قومی اسمبلی کی ضمانت بعداز گرفتاری منظور کر لی ۔

 

عدالت نے تمام مقدمات میں پی ٹی آئی کے ارکان قومی اسمبلی کی ضمانت 30،30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو فوری رہا کرنے کا حکم دیا۔

 

انسداد دِہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے گرفتار پی ٹی آئی ایم این ایز کے خلاف تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی ۔

 

دوران سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے کہا کہ ایم این اے احمد چٹھہ مقدمے میں نامزد ہیں،  جو دفعات لگائی گئی ہیں ان کی سزا کم سے کم تین سال ہے، ضمانت منظور نہ کی جائے۔جج نے استفسار کیا کہ شیر افضل مروت، احمد چٹھہ و دیگر ایم این ایز سے کچھ برآمد ہوا ہے جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ نہیں کچھ بھی برآمد نہیں ہوا ہے۔

 

پی ٹی آئی کے گرفتار ایم این ایز میں شیر افضل مروت، شیخ وقاص، زین قریشی، احمد چٹھہ، عامر ڈوگر، یوسف خان، نعیم علی شاہ اور دیگر شامل ہیں۔

 

واضح رہے کہ پی ٹی آئی ایم این ایز پر تھانہ سنگجانی، ترنول، نون اور تھانہ سنبل میں دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔

تبصرے بند ہیں.