جسٹس عالیہ نیلم لاہور ہائیکورٹ کی پہلی خاتون چیف جسٹس نامزد

55

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن  نے لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کیلئے جسٹس عالیہ نیلم کے نام کی منظوری دے دی۔ جسٹس عالیہ  نیلم کا سنیارٹی میں تیسرا نمبر ہے۔

 

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن  کا اہم  اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سندھ، لاہور ہائی کورٹس کے  چیف جسٹس کی تقرری کے لیے غور ہوا۔

 

تاریخ میں پہلی بار سینئر  ترین جج کو چیف جسٹس مقرر کرنے کے بجائے ٹاپ تھری ججز میں سے چیف جسٹس کا انتخاب ہوا۔کمیشن کے ممبران کی اکثریت حاصل کرنے والے امیدوار کوچیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نامزد کیا گیا۔

 

لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کےلیے بھی 3 ناموں پر غور کیا گیا جن میں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس عالیہ نیلم شامل تھے۔ سندھ ہائی کورٹ چیف جسٹس کےلیے جسٹس شفیع محمد صدیقی، جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو اور جسٹس صلاح الدین پنہور کے  نام زیر غور ہیں۔

 

یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  ملک شہزاد احمدخان کی سپریم کورٹ جج کے طور پر تقرری کر دی گئی ہے جس کے بعد  سینئر جج شجاعت علی خان  قائم مقام چیف جسٹس تقرر کیے گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.