پی ٹی آئی کو منفی سیاست کیلئے جگہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے: رانا ثناء اللہ

14

اسلام آباد : وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی و سرکاری امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت نے پاکستان تحریک انصاف کو سیاسی فائدے کیلئے ملکی معیشت کو نشانہ بنانے کی منفی سیاست کیلئے جگہ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

سینئر صحافی انصار عباسی کو انٹرویو میں  رانا ثناء اللہ  کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ماضی کو دیکھتے ہوئے حکومت تحریک انصاف کو کھلی چھُوٹ دینے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے یاد دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی بار بار اپنے سیاسی فائدے کیلئے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا کر ملکی معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے، جس کی ہم اجازت نہیں دے سکتے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ منفی سیاست کی کوئی گنجائش نہیں اور حکومت ملکی معیشت کی بحالی پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ چند ماہ میں سیاسی صورتحال بہتر  ہوگی۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ بجٹ خوش اسلوبی سے منظور ہو جائے گا، ملکی معیشت کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

پی ٹی آئی کی سیاست کے بارے میں انہوں نے وضاحت کی کہ یہ سیاسی جماعت اپنے سیاسی فائدے کیلئے معیشت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ تحریک انصاف اچھی طرح جانتی ہے کہ اگر موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے میں کامیاب ہوگئی اور قوم کو ترقی اور خوشحالی مل گئی تو تحریک انصاف کے پاس عوام کو دینے کیلئے کچھ باقی نہیں رہے گا۔

تبصرے بند ہیں.