72 گھنٹے میں کسٹمز اہلکاروں پر دوسرا حملہ، 2 جاں بحق

68

 

ڈی آئی خان : خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل میں ایک مرتبہ پھر کسٹمز کے محکمے کے اہلکاروں پر حملہ ہوا ہے جس میں دو اہلکار  جاں بحق  اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس اہلکاروں کے مطابق اتوار اور سنیچر کی درمیانی شب ڈیرہ اسماعیل شہر میں داخل ہونے سے پہلے یارک کے مقام پر ٹول پلازہ کے قریب نا معلوم افراد نے کسٹمز کے اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے۔ واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ اس مقام پر کسٹمز کی ایک چوکی بھی قائم ہے۔ یہ ٹول پلازہ انڈس ہائی وے پر واقع ہے اور اس کے قریب موٹر وے کے ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان انٹرچینج بھی قائم ہے۔شہر میں تین روز میں یہ دوسرا بڑا حملہ ہے جو کسٹمز کے اہلکاروں پر کیا گیا ہے۔

حملے کےذمہ داری اب تک کسی شدت پسند تنظیم نے قبول نہیں کی لیکن چند روز پہلے ڈیرہ اسماعیل خان میں کسٹمز اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کا گنڈہ پور گروپ زیادہ متحرک ہے ۔ پولیس حکام ان واقعات کی تفتیش کر رہے ہیں۔ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بظاہر کسٹمز کے اہلکار سافٹ ٹارگٹ ہے اس لیے ان پر حملہ آسان ہوتا ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.