نومنتخب امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

165

لاہور:  نومنتخب امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکز منصورہ میں تقریب حلف برداری منعقد ہوئی جس میں ملک بھر سے جماعت اسلامی کے عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔تقریب حلف برداری میں سبکدوش ہونے والے امیر سراج الحق، لیاقت بلوچ سمیت دیگر اہم رہنما بھی شریک ہوئے۔

حلف اٹھانے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی تحریک کو 76 سال ہو گئے ہیں، یہ تحریک امن کے قیام کی تحریک ہے، یہ تحریک ظلم اور فساد کو مٹانے کی تحریک ہے۔
امیرجماعت اسلامی نے کہا کہ یہ تحریک ایک منظم تحریک ہے.

ہم سازشوں کے ذریعے اقتدار حاصل نہیں کریں گے، ہم جمہور کی طاقت سے انقلاب لانا چاہتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کشمیر مسئلہ آج تک اقوام متحدہ میں حل طلب ہے، فلسطین میں 35 ہزار سے زائد لوگ شہید ہو چکے ہیں، دنیا میں جمہوری اقدار اپنےاعلانات کے مطابق نہیں، دہشت گرد ملک فلسطینیوں کو مار رہا ہے یہ کونسی جمہوریت ہے؟۔

انہوں نے سراج الحق کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سراج الحق نے باپ کی طرح سب کو ساتھ رکھا، سراج الحق نے اس تحریک کی بھرپور طریقے سے قیادت کی ہے، جماعت اسلامی انشااللہ پوری قوم کو لیڈ کرےگی، امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم اپنی پالیسی کے مطابق آگے بڑھیں گے۔

امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فارم 47 والے پاکستان کی قیادت کے اہل نہیں، یہ زبردستی مسلط کئے گئے ہیں، فارم 47 والوں کے خلاف ایک بڑی تحریک لے کر چلیں گے۔

تبصرے بند ہیں.