حب: بلوچستان کے علاقے حب میں شاہ نورانی جانے والا ٹرک کھائی میں گرنے سے 17 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق درگاہ شاہ نورانی جانے والے زائرین سے بھرا ٹرک عیاں پیر کے قریب بے قابو ہو کر کھائی میں جاگرا، ابتدائی طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہ ہوسکی۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گاڑی میں 150 سے زائد زائرین سوار تھے، کافی لوگ نیچے پھنسے ہیں جنہیں پولیس اور وہاں کے علاقہ مکینوں کی جانب سے ریسکیو کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کردی گئی ہیں جو زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے میں مصروف ہیں، جن زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں انہیں لسبیلہ سے کراچی منتقل کیا جارہا ہے۔ایدھی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایدھی کی 30 سے زائد ایمبولنس جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئی ہیں جو زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کریں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زائرین کا تعلق سندھ کے علاقے ٹھٹھہ سے بتایا جاتا ہے جو درگاہ شاہ نورانی پر حاضری کیلئے جا رہے تھے۔
تبصرے بند ہیں.