کراچی: برطانوی گلوکار زین ملک نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے بینڈ "اور” کے ساتھ اردو گانے میں اشتراک کر لیا۔ ‘تو ہے کہاں’ گانے کی آفیشل ویڈیو نے ریلیز ہوتے ہی انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی۔
پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار زین ملک نےپاکستانی ہپ ہاپ بینڈ ‘اور’ کی جانب سے یوٹیوب پر 2021 میں ریلیز کیے گئے گانے کے اپڈیٹڈ ورژن ‘تو ہے کہاں’ گانےمیں اشتراک کیا جس میں زین ملک نے گانے کےکچھ بول اردو میں گنگنائے۔ زین ملک کو اردو میں گانا گنگناتے سُن کر مداح خوشی سے جھوم اُٹھے۔
زین ملک کی جانب سے گنگنائے جانے والے بول یہ ہیں: ‘آنکھوں میں آنسو نہیں ہیں، کہاں تو، کہاں تو نہیں ہے، دل کو اب یہ جاننا ہی نہیں، بس تم چلے آؤ’۔ زین ملک کے اردو بولنے اور سمجھنے والے پرستاروں کے لیے یقیناً بہت بڑا اور خوشگوار سرپرائز ہے۔
گانے کی ویڈیو زین ملک کی سالگرہ یعنی آج 12 جنوری کو ریلیز کی گئی ہے۔ زین ملک کے اردو گانے کی ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ہے اور زین کے سیکڑوں پرستاروں نے سوشل میڈیا پر گانے سے متعلق اپنے پرجوش جذبات کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ زین ملک پاکستانی نژاد برطانوی گلوکار ہیں ان کے والدین کا تعلق پاکستان سے ہے۔ وہ 2016 میں یہ انکشاف کرچکے تھے کہ وہ اردو بولتے اور سمجھتے بھی ہیں، ماضی میں اسی عرصے کے دوران انہوں نے اپنے انگریزی البم میں اردو بول بھی شامل کیے تھے۔
تبصرے بند ہیں.