ہماری کوششوں سے انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئی، جو پارٹی ورکرز کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دے وہ جمہوری نہیں ہوتی:اکبر ایس بابر
اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہاکہ ہماری کوششوں سے انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئی، جو پارٹی ورکرز کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دے وہ جمہوری نہیں ہوتی ہے۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر نے نجی ٹی وی بات کرتے ہوئے کہاکہ ہماری کوششوں سے انٹرا پارٹی الیکشن کی اہمیت سامنے آئی، جو پارٹی ورکرز کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہ دے وہ جمہوری نہیں ہوتی ہے۔
پارٹی کے مستقبل سے متعلق جلد لائحہ عمل دوں گا کیونکہ ورکرز کنفیوز ہیں ان کی رہنمائی کریں گے۔الیکشن کمیشن فیصلے کے بعد رفقا سے رابطے کر رہا ہوں، فیصلے کی روشنی میں کل اجلاس بلایا ہے جس میں رہنماؤں سے مشاورت کی جائے گی، کوشش ہے امیدواروں کی رہنمائی کریں۔ سیاسی جماعتیں جمہوریت کی بنیاد ہوتی ہیں لیکن جماعتیں ورکرز کو حق نہ دے کر اقتدار میں آ جاتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کہاں ہو رہے ہیں یہ بھی نہیں پتا تھا، فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے تمام عہدے بھی کالعدم ہوگئے ہیں، اب پتا نہیں عہدیدار کس حیثیت سے عدالت میں جاتے ہیں کیونکہ اب ان کی کوئی قانونی حیثیت نہیں رہی۔
پی ٹی آئی کے بانی اراکین اور دیگر رہنماؤں کو اکٹھا کریں گے، جنہیں پارٹی میں کچھ دن ہوئے انہیں بھی عہدے دیے جا رہے تھے، معاملہ پی ٹی آئی تک نہیں رکے گا دیگر جماعتوں تک بھی جائے گا۔بانی رکن نے کہا کہ ورکرز صرف ڈنڈے کھانے اور لیڈر کو جیتوانے کیلیے نہیں ہوتے، شیڈول کے بعد کوئی عدالت الیکشن کمیشن فیصلے کو چیلنج نہیں کر سکتی، الیکشن کمیشن کے ہاتھوں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے خلاف کسی پروپیگنڈے کو نہیں دیکھنا چاہیے، فیصلہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، انٹرا پارٹی الیکشن میں ورکرز کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا، امید ہے اعلیٰ عدلیہ بھی دیکھے گی یہی راستہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کا ہے۔
تبصرے بند ہیں.